ماہر فلکیات نے رمضان المبارک اور عیدالفطر کی پیشنگوئی کردی


ریاض  سعودی عرب کے ماہر فلکیات اور القصیم یونیورسٹی میں جغرافیہ وموسمیات کے پروفیسر عبداللہ المسند نے کہا ہے کہ ان کے حساب سے اس سال شعبان المعظم 30 دن کا ہوگا، 30 شعبان کو صبح پانچ بج کر 31 منٹ پر سورج اور چاند کا ملاپ ہوگا جس کے بعد منگل 13 اپریل کو رمضان المبارک کا چاند نظرآئے گا۔

ہم نیوز نے عرب ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا کہ ان کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ کے افق کے مطابق 29 شعبان کو چاند سورج سے 26 منٹ قبل غروب ہو گا۔پروفیسر عبداللہ المسند کے مطابق 29 رمضان المبارک کا چاند مکہ کے افق کے مطابق سورج سے 12 منٹ قبل غروب ہوگا۔ سورج اور چاند کے درمیان ملاپ اسی رات 10 بجے ممکن ہے مگر مغربی افق پر چاند نظر نہیں آئے گا۔ اس طرح رمضان المبارک 30 دن کا ہو گا۔

سعودی عرب کے ماہر فلکیات اور القصیم یونیورسٹی میں جغرافیہ وموسمیات کے پروفیسر عبداللہ المسند کے مطابق سعودی عرب میں عید الفطر 13 مئی بروز جمعرات ہوگی۔