محمد آصف کے دورہ نیوزی لینڈ کے حوالے سے بابراعظم کو مفید مشورے، اپنے ’تجربے‘ کی روشنی میں حالیہ سکینڈل سے نمٹنے کا حل بھی بتا دیا

لاہور پاکستان کے فاسٹ باﺅلر محمد آصف نے قومی ٹیم کے نئے کپتان بابراعظم کو دورہ نیوزی لینڈ کے حوالے سے مشورے دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ منفی خبروں کو سنجیدگی نہ لیتے ہوئے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔

تفصیلات کے مطابق محمد آصف نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ ایک مشکل دورہ ہے اور بطور کپتان بابراعظم کے کندھوں پر ذمہ داریاں بھی بڑھ گئی ہیں جس کے باعث ان پر دباؤ ہوگا لیکن انہیں کسی منفی خبر پر سوچنے کی بجائے اپنی پرفارمنس پر فوکس کرنا ہو گا۔

فاسٹ باؤلر نے بتایا کہ کیریئر میں انہیں بھی ایسے حالات کا سامنا رہا ہے جو ابھی بابراعظم کے ساتھ پیش آ رہے ہیں لیکن انہیں گھبرانا نہیں ہے امید ہے یہ مسئلہ جلد ختم ہو جائے گا اور اس کا نتیجہ بابراعظم اور پاکستان کیلئے اچھا ہی ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میدان کے باہر جو کچھ ہورہا ہے اس پر بابراعظم کو دھیان دینے کی ضرورت نہیں اور ویسے بھی ان پر کارکردگی کے حوالے سے ہمیشہ دباﺅ رہتا ہے، اب وہ کپتان بھی بن گئے ہیں تو کارکردگی کا دباؤ مزید بڑھ گیا ہے، اس لئے انہیں اپنی بیٹنگ اور گیم پر ہی توجہ دینا ہوگی۔