مریم نواز کی نیب لاہور میں پیشی کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے واضح اعلان کر دیا


اسلام آباد کل مریم نواز کو نیب لاہور نے طلب کر رکھاہے اور اس حوالے سے لاہور کے باہر کے علاقے کو ریڈ زون قرار دیدیا گیاہے اور رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ ہواہے تاہم اس معاملے پر اب عمران خان کا موقف بھی سامنے آ گیاہے اور انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی عدالت پیشی کے موقع پر کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث قرنطینہ میں موجود وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائشگاہ پر حکومتی میڈیا ٹیم سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کو ملکی سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہے، ملک بھر میں ویکسینیشن کا عمل جاری ہے، کورونا ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ٹیم کو ہیلتھ کارڈ کے اجراءکے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی احتساب عدالت پیشی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

خیال رہے کہ نیب نے مریم نواز کو 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے اور مریم نواز کی عدالت پیشی کے موقع پر کسی بھی قسم کی بدمزگی سے بچنے کے لیے حکومت نے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔