مصباح الحق بھی بابراعظم کے ان فٹ ہونے پر مایوس، ان کا کیا کہنا ہے؟


کوئنز ٹاﺅن قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس نے بابر اعظم کا ان فٹ ہونا مایوس کن قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد فٹ ہو کر دوبارہ میدان میں دیکھائی دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کوئنز ٹاؤن میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انجریز کسی بھی پروفیشنل سپورٹس کا حصہ ہیں، بابر اعظم جیسے باصلاحیت کھلاڑی کا انجری کے سبب ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز سے آؤٹ ہونا بہت مایوس کن ہے تاہم یہ سکواڈ میں شامل دیگر نوجوان کھلاڑیوں کیلئے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا ایک بہترین موقع بھی ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ میں نے بابر اعظم سے بات کی ہے اور وہ بھی ٹی 20 سیریز سے آؤٹ ہونے پر بہت افسردہ ہیں کیونکہ وہ مکمل فوکس اورٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے آغاز کے منتظر تھے، ہمیں ابھی آگے بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور ہم پرامید ہیں کہ وہ جلد فٹ ہوکر دوبار ہ کرکٹ میں واپس آجائیں گے۔

مصباح الحق نے کہا کہ میڈیکل ٹیم شاداب خان کی انجری کا بھی مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ وہ ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کیلئے ہمیں دستیاب ہوں گے تاہم اس حوالے سے فیصلہ کرتے ہوئے کوئی خطرہ مول نہیں لیں گے۔