مصباح الحق قرنطینہ کی وجہ سے تیاریاں متاثر ہونے کے باوجود نیوزی لینڈ میں عمدہ کارکردگی کیلئے پرعزم

لاہور  پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق قرنطینہ کی وجہ سے تیاریاں متاثر ہونے کے باوجود نیوزی لینڈ میں عمدہ کارکردگی کیلئے پرعزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کوئنز ٹاؤن سے ویڈیو کال پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے کورونا پروٹوکولز کا احترام کرتے ہیں، پابندیوں کا وقت گزر گیا،اب آزادی سے گھوم پھر رہے ہیں لیکن نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کی تیاریوں کیلئے وقت بہت کم ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ تین ہفتے کا کام ایک ہفتے میں کرنا مشکل ہے مگر ایک پروفیشنل کے طور پر اپنی کارکردگی کا ملبہ قرنطینہ پر نہیں ڈال سکتے، مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں، میسر وقت میں بہترین تیاری کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک سخت جان حریف ہے،کیویز کے دیس میں مہمان ٹیموں کو ہمیشہ مشکلات پیش آتی ہیں،پاکستان ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی موجود اور سب جیت کیلئے پرعزم ہیں، یہاں سے سرخرو ہو کر وطن واپس جانا چاہتے ہیں۔ پاکستانی باﺅلرز صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں تو حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔