مہنگائی بڑھی تو طوفان برپا ہوا اور قیمتیں کم ہوئیں تو کوئی تذکرہ نہیں، وزیراعظم کی ہدایت


وزیراعظم کی میڈیا ٹیم کو پنجاب حکومت کے مہنگائی کے خلاف اقدامات اجاگر کرنے کی ہدایت , وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں اشیائے خورد و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزرا، معاونین خصوصی، مشیران اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں شرکا نے یہ طے کیا کہ پنجاب حکومت صوبے بھر میں چینی کی طرز پر چکن اور گھی کی قیمتیں بھی مقرر کرے تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چکن کی موجودہ قیمتوں پر تشویشناک صورتحال کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا کہ چکن کی بھی ایک قیمت مقرر کی جائے تاکہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قابو کرنے میں مدد ملے۔

وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی میڈیا ٹیم کو ٹاسک دیا کہ وہ حکومت کے اچھے اقدامات کو اجاگر کریں۔ عمران خان نے کہا کہ مہنگائی بڑھی تو طوفان برپا ہوا لیکن قیمتیں کم ہوئیں تو کوئی تذکرہ نہیں؟

وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی پنجاب حکومت ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کو ہدایت دی کہ قیمتیں کم ہونے کا معاملہ اجاگر کیا جائے اور میڈیا ٹیم کو خصوصی ہدایت دی کہ مہنگائی پر کنٹرول کے لیے حکومت پنجاب نے جتنے بھی اقدامات کیے ان کو بالخصوص اجاگر کیا جائے۔