“نئے سال میں حاکم وقت اپنی جگہ سے ہٹ جائے گا” معروف ماہر فلکیات شیخ طارق اقبال نے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا


لاہور (خصوصی رپورٹ ) ماہر علم فلکیات شیخ طارق اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ 15 جنوری 2021 ء سے چھ ستارے ایک لائن میں برج جدی میں اکٹھے ہورہے ہیں جو نیک شگون نہیں، ہر بندہ اپنی جگہ سے ہٹ جائے گا اور حاکم وقت سے نیچے تک یہی دیکھیں گے ، انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف کا ستارہ پاور میں آچکا ہے اور سندھ کے علاوہ باقی صوبوں میں ن لیگ کا کردار اہم ہوگا۔ شیخ رشید کی کوئی شادی نہیں لیکن بلاول کی شادی ہوگی لیکن اس شادی میں بھی ابھی تاخیر ہے ۔وہ ڈیلی پاکستان سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔

شیخ طارق اقبال نے بتایاکہ 24 سے 27 دسمبر 2019ء کو سات ستارے ایک لائن میں آئے تھے تو اس کے اثرات پورے 2020ء میں دیکھے گئے، کورونا اور پھر اس وجہ سے لاکھوں جانوں کا ضیاع ہوا، لوگوں کو ڈرانا نہیں چاہتا بلکہ سمجھانا چاہتا ہوں کہ 15 جنوری 2021ء سے چھ ستارے برج جدی میں اکھٹے ہورہے ہیں اور ان کا اکھٹے ہونا نیک شگون نہیں، بہت سے مسائل ہوں گے ، یہ تبدیلیوں کا سال ہے ، ہر بندہ اپنی جگہ سے ہٹ جائے گا، حاکم وقت سے نیچے تک یہی دیکھیں گے ۔

ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ نوازشریف کا ستارہ طاقت میں ہے ،دوسرا نمبر مریم اور تیسرا شہبازشریف کا ہے ، نوازشریف کے دو ہی راستے ہیں، ان کیلئے بادشاہی ہے یا پھر فقیری یعنی یاتو وہ مکمل طاقت میں ہوتے ہیں یا پھر زمین پر، اب ان کا ستارہ پاور میں آچکا ہے ، سندھ میں پیپلزپارٹی لیکن باقی صوبوں میں ن لیگ کا کردار اہم ہوگا، دوبارہ ن لیگ اس مقام پر آگئی ہے۔ ان کا کہناتھاکہ آصفہ بھٹو نے سندھ کی سیاست میں اہم کردار ادا کرنا ہے تاہم وہ پردے کے پیچھے سے کردار ادا کریں گی ، فرنٹ پر بلاول ہی ہوں گے ۔

مولانا فضل الرحمان کے بارے میں شیخ طارق اقبال نے بتایاکہ وہ لانگ مارچ اور دھرنا براہ نام ہوگا، اسی فیصد مطالبات وہ پہلے ہی منوالیں گے ۔ ان کا مزید کہناتھاکہ یکم جنوری 2021ء سے جون2022 ء تک عا م آدمی کیلئے کوئی خوشخبری نہیں ہوسکی ، روٹی پوری ہوتے رہے تو بڑی بات ہوگئی، جون 2022ء کے بعد معاملات بہتر ہونا شروع ہوں گے اور اصل ریلیف 2023 یعنی الیکشن کے سال میں ملے گا۔ویڈیو دیکھیے