نئے سال کا جشن منانے والے ہوشیار ہوجائیں،آئی جی پنجاب نے اہم حکم نامہ جاری کردیا


لاہورآئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں نیو ائیر نائٹ پر ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور آتش بازی سمیت ہر غیر قانونی اقدام کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے گی۔

پنجاب پولیس کے سربراہ نے سال نو کی آمد اور نیو ائیر نائٹ کی مناسبت سے شہریوں کیلئے خصوصی پیغام جاری کیا ہے،جس میں انکا کہنا ہے کہ نیو ائیر نائٹ کی خوشیاں مناتے وقت تہذیب و اخلاق کا دامن ہرگز نہ چھوڑا جائے،شہری پر امن انداز میں مہذب لوگوں کی طرح اپنے اہل خانہ کے ساتھ سال نو کی خوشیاں منائیں،چند منچلوں کے غیر قانونی اقدامات کی وجہ سے پر امن شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،پولیس ٹیمیں شاہرات پر شہریوں کے تحفظ اور خدمت کے فرائض سر انجام دینے پر مامور رہیں گی،نیو ائیر نائٹ پر ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور آتش بازی سمیت ہر غیر قانونی اقدام کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے گی۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ نیو ائیر نائٹ کی خوشیاں مناتے وقت کورونا سے بچاؤ کے ایس اوپیز کا بطور خاص خیال رکھیں،نئے برس میں بھی عوام کی جان و مال کے تحفظ اور سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے، 2021 فری رجسٹریشن آف کرائم، بہتر انویسٹی گیشن اور بہتر ین سروس ڈلیوری کا برس ہوگا،دعا ہے کہ نیا برس پاکستانی قوم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت سب کیلئے خوشیوں کا باعث ہو،پنجاب پولیس کی جانب سے پوری قوم کو نئے سال کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔