”نیوزی لینڈ میں قرنطینہ زحمت نہیں بلکہ رحمت تھا“ شان مسعود نے زبردست وجہ بھی بتا دی

لاہور  پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز شان مسعود کو قرنطینہ کی زحمت پاکستانی ٹیم کیلئے رحمت لگنے لگی ہے جن کا کہنا ہے کہ اس وجہ سے دو مہینوں سے سرگرم کرکٹرز کو آرام مل گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر اور نیوزی لینڈ میں موجود پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں شامل شان مسعود نے کہا ہے کہ قرنطینہ میں مشکل صورتحال تھی مگر اس کا دورانیہ پورا ہونے پر کرکٹرز نے بھرپور لطف اٹھایا، آپ ان کی خوشی تصویروں میں دیکھ سکتے ہیں، اب ایس او پیز کی پابندیاں نہیں اور نارمل زندگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے سال کی محنت 14روز میں ضائع نہیں ہو جائے گی، ابتدا میں صلاحیتوں اور فٹنس پر تھوڑا زنگ محسوس ہو گا مگر پریکٹس سے ان مسائل پر قابو پالیں گے، کھلاڑی 2 ماہ سے مسلسل کرکٹ کھیل رہے تھے اب آرام مل گیا، قرنطینہ زحمت میں رحمت ثابت ہوسکتا ہے۔

ایک سوال پر شان مسعود نے کہا کہ ٹیم میں صلاحیت کے باوجود طویل فارمیٹ کی رینکنگ میں ساتویں پوزیشن ہمارے شایان شان نہیں، گرین کیپس کہیں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں،نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں رینکنگ اوپر لے جانے کی کوشش کریں گے۔