نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی سکواڈ کرائسٹ چرچ سے کوئنز ٹاؤن پہنچ گیا

کوئنز ٹاﺅن (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیوزی لینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ سکواڈ آئیسولیشن ختم ہونے کے بعد کرائسٹ چرچ سے کوئنز ٹاؤن پہنچ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے کیوی سرزمین پر موجود قومی کرکٹ سکواڈ آئیسولیشن ختم ہونے کے بعد کوئنز ٹاﺅن پہنچ گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم بھی آکلینڈ سے کوئنز ٹاﺅن پہنچ گئے ہیں۔ کوئنز ٹاؤن میں پاکستانی ٹیم اور پاکستان شاہینز الگ الگ ہوٹلز میں قیام کریں گے اور بدھ سے ٹریننگ کا آغاز ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی سکواڈ کے تمام ٹیسٹ کلیئر ہونے کے بعد سکواڈ کو مینجڈ آئیسولیشن چھوڑنے کی اجازت ملی جس پر گزشتہ 14 دنوں سے ہوٹل کے کمروں میں ’قید‘ کھلاڑی بالآخر باہر نکلے اور خاصے خوش دکھائی دئیے اور ان پر کورونا ایس او پیز بھی لاگو نہیں ہوں گے۔