”نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں موقع ملا تو بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا“

لاہور  پاکستان ٹی 20 سکواڈ میں شامل نوجوان لیگ سپنر عثمان قادر نے کہا ہے کہ سیریز میں موقع ملا تو بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق لیگ سپنر عثمان قادر کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع تھا کہ ہم نے 14 روزہ قرنطینہ مکمل کیا، یہ ایک مشکل وقت تھا لیکن یہ اچھے طریقے نکل گیا جبکہ آج ہمارا پہلا ٹریننگ سیشن تھا جس دوران سب کھلاڑیوں نے انجوائے کیا، گراؤنڈ بھی خوبصورت ہے جبکہ آؤٹ فیلڈ بھی شاندار ہے۔

لیگ سپنر نے کہا کہ ہم نے 14 روز کے بعد ٹریننگ کا آغاز کیا ہے اس لئے ہارڈ ٹریننگ نہیں کرسکتے تھے آہستہ آہستہ ٹریننگ آ گے بڑھائیں گے اورمکمل ردہم میں آئیں گے اور میچز کی تیاری بھی اچھی ہو گی، کوچنگ سٹاف نے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے اور اب بھی کر رہا ہے، وہ سب کھلاڑیوں کے ساتھ بڑی محنت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بخوبی علم ہے کہ ٹی 20 کرکٹ میں سپنرز کا کردار اہم ہوتا ہے اور وہ وکٹیں لے کر دیتے ہیں، مجھے نیوزی لینڈ میں کھیلنے کا تجربہ ہے اور یہاں ورلڈ کپ کھیل چکا ہوں، نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں کھیلنے کا موقع ملا تو بھرپور فائدہ اٹھانے اور اپنی کارکردگی سے پاکستان کی جیت میں کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔