نیوزی لینڈ کیخلاف قومی ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ، سرفراز احمد کیلئے آخر کار خوشخبری آ ہی گئی


آکلینڈ (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کیخلاف تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے 18 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیاہے ، میچ 18 ، 20 اور 22 دسمبر کو کھیلے جائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کیلئے پاکستانی سکواڈ کا انتخاب مصباح الحق نے کپتان بابراعظم کی مشاورت سے کیا ۔ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم اور شاہینز سکواڈ 14 روزہ آئیسولیشن کا دورانیہ مکمل کرنے کے بعد کوینز ٹاﺅن کیلئے 8 دسمبر کو روانہ ہوں گے ، دونوں ٹیمیں مختلف ہوٹلوں میں قیام کریں گی اور مختلف اوقات میں ہی گراونڈ میں ٹریننگ کریں گی ،14 دسمبر کو پاکستان شاہینز ” وانگرائی“ کیلئے روانہ ہو گی جبکہ قومی ٹیم 15 دسمبر کو اپنا پہلا ٹی ٹوینٹی میچ کھیلنے کیلئے آکلینڈ پہنچے گی ۔

نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کیلئے سکواڈ میں سرفراز احمد اور حسین طلعت کی واپسی ہوئی ہے ، دونوں کو روحیل نظیر اور شاہین ظفر گوہر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیاہے ۔قومی ٹیم کی کپتانی بابراعظم کریں گے جبکہ وائس کپتان شاداب خان ہوں گے ۔ ان کے علاوہ سکواڈ میں عبداللہ شفیق ، فیہم اشرف ، حیدر علی ، حارث روف ، حسین طلعت ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، خوشدل شاہ ، محمد حفیظ ، محمد حسنین ، موسیٰ خان ، محمد رضوان ، سرفراز احمد ،شاہین شاہ آفریدی ، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں ۔

فخر زمان نے زمبابوے کیخلا ف سیریز کے تینوں میچوں میں شرکت کی تاہم بخار میں مبتلا ہونے کے باعث وہ دورہ نیوزی لینڈ کا حصہ نہیں بن سکے ۔ٹی ٹوینٹی سیریز کھیلنے کے بعد 23 دسمبر کو عماد وسیم آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کا حصہ بننے کیلئے روانہ ہوں گے جبکہ 24 دسمبر کو محمد حفیظ پاکستان لوٹ آئیں گے۔