وزیراعظم کے اعلان پر عمل درآمد،جنوبی وزیرستان میں 4 جی انٹرنیٹ سروسز بحال


جنوبی وزیرستان میں فور جی انٹرنیٹ سروسز بحال، حکومت کی موبائل فون آپریٹرز کو سروسز مزید بہتر بنانے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان کے دورے کے بعد جنوبی وزیرستان میں موبائل فون آپریٹروں (کنفگریشن منیجمنٹ آفس) کی ڈیٹا سروسزبحال کردی گئی ہیں جس کے بعد پی ٹی اے (پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی) نے جنوبی وزیرستان میں ٹیلی کام سروس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) سروے منعقد کیا۔

پی ٹی اے کی جانب سے موبائل فون آپریٹرز کو اس حوالے سے نہ صرف سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایات کی گئیں بلکہ 3G ڈیٹا سائٹس کی اپ گریڈیشن کے لئے بھی کہا گیا ہے۔ جاز (موبی لنک) جو جنوبی وزیرستان میں 3G ڈیٹا کی خدمات مہیا کررہا تھا اس نے اپنی تمام 3G سائٹس کو 4G میں اپ گریڈ کر دیا ہے۔

جاز کی جانب سے کیے گئے اس اقدام سے جنوبی وزیرستان کے صارفین تیز رفتار ڈیٹا سروسز سے استفادہ کر سکیں گے۔ پی ٹی اے علاقے میں مزید سائٹس لگانے کے لئے سی ایم اوز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کی مناسبت سے صارفین کے لئے بہتر آواز اور ڈیٹا خدمات کو فروغ دینے کے لیے یہ تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔