وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شرو ع ہوگیا


اسلا م آباد وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا۔اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں جبکہ اجلاس کا ایجنڈا 14نکات پر مشتمل ہے۔

نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دورہ سعودی عرب پر تبادلہ خیال ہوگا اور فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت ہوگی۔وفاقی کابینہ کرتارپور راہداری منصوبے کو پیپرا رولز سے استثنی دینے کی منظوری دے گی جبکہ اقوام متحدہ کی چار گاڑیوں کو پاکستان کے راستے کابل لے جانے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

ریلوے پولیس کے دائرہ اختیار سے متعلقہ ایس آر اوز جاری کرنے اور الیکشن کمیشن کی سالانہ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ پاک چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

کابینہ نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی، کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق، کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق اوراقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کابینہ کے اجلاس میں متوقع ہے۔