ویرات کوہلی دورہ آسٹریلیا ادھورا چھوڑ کر بھارت واپسی کے فیصلے پر قائم


لاہور  بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی دورہ آسٹریلیا ادھورا چھوڑ کر بھارت واپسی کے اپنے فیصلے پر قائم ہیں جس کی وجہ ان کے پہلے بچے کی ممکنہ پیدائش ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیل کر واپس اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے پاس چلے جائیں گے۔ ویرات کوہلی نے اس حوالے سے کہا کہ یہ وقت زندگی میں بہت ہی خاص ہوتا ہے اور وہ اس خاص وقت کو کسی بھی طور پر گنوانا نہیں چاہتے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پہلے ہی ویرات کوہلی کی چھٹیوں کی درخواست قبول کرلی گئی تھی۔ ویرات کوہلی کی غیر موجودگی میں بھارتی ٹیم کی قیادت اجنکیا ریحانے کریں گے جس پر کوہلی نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔