ویرات کوہلی 12 سال بعد وہ کام کرنے میں ناکام ہو گئے جو وہ ہر سال کرتے تھے


لاہور  بھارتی کرکٹ ٹیم کے کامیاب کپتان ویرات کوہلی 12 سال بعد کیلنڈر ایئر میں کسی بھی فارمیٹ میں کوئی سنچری نہیں بنا سکے۔

تفصیلات کے مطابق دورہ آسٹریلیا میں کوہلی چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد منگل کو ایڈیلیڈ سے وطن واپس روانہ ہوگئے ، انوشکا اور ویرات کے ہاں جنوری میں اپنے پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ کوہلی کے شاندار کیرئیر میں 12 سال کے طویل عرصہ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ان کے بلے سے کوئی سنچری نہیں بنی۔

بھارتی کپتان کوہلی نے اپنے ون ڈے کیرئیر کی شروعات 2008 ءمیں کی تھی اور اس سال انہوں نے پانچ ون ڈے کھیلے تھے لیکن کوئی سنچری نہیں بناسکے تھے جس کے بعد سے کوہلی ہر سال سنچری بناتے آئے ہیں۔ رواں سال 2020 ءمیں ویرات کوہلی ون ڈے یا ٹیسٹ فارمیٹ میں کوئی سنچری نہیں بناسکے ، عالمی وباءکورونا وائرس سے متاثر سال 2020 ءمیں کوہلی نے 9 ون ڈے کھیل کر 431 رن بنائے ، ان کا سال کا بہترین سکور 89 رنز رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا کو آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کا منہ دیکھنا پڑا، میچ کی دوسری اننگز میں پوری بھارتی ٹیم اپنی تاریخ کے سب سے کم ترین سکور 36 رن پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ کوہلی کی عدم موجودگی میں سیریز کے بقیہ 3 ٹیسٹ میچوں میں اجنکیا ریحانے ٹیم کی قیادت کریں گے، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبورن میں شروع ہونا ہے۔