ٹیسٹ چیمپئن شپ آئی سی سی نے پوائنٹس سسٹم تبدیل کردیا،بھارت پہلی پوزیشن سے محروم

0
41


دبئی ( آن لائن ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرونا وائرس کے سبب کرکٹ میچز متاثر ہونے کے سبب ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن کے لیے پوائنٹس سسٹم تبدیل کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے پوائنٹس سسٹم تبدیل کردیاجس کے مطابق ٹیموں کی درجہ بندی اب حاصل کردہ مجموعی پوائنٹس کی بجائے پوائنٹس کی اوسط پر ہوگی۔آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ میں ہونے والے فیصلے کے مطابق جون 2021ئ میں لارڈز میں شیڈول ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ٹیموں کی درجہ

بندی مجموعی پوائنٹس کی بجائے حاصل کردہ پوائنٹس اور سیریز کے دستیاب پوائنٹس کی اوسط کی بنیاد پر کی جائے گی تاکہ ٹیموں کو یکساں مواقع دستیاب ہوں اور کووڈ 19 کی وجہ سے منسوخ ہونیوالی سیریز کا نقصان نہ ہو۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے اپنی بورڈ میٹنگ میں نومبر 2022ئ میں شیڈول ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بھی آگے کردیا ہے جس کے بعد ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اب فروری 2023ئ میں کھیلا جائے گا۔ دوسری جانب آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل میچز میں شرکت کی کم از کم عمر 15 سال مقرر کردی ہے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد ہر ٹیم کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔