ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بھارت کا پاکستانی ٹیم کو ویزا اور سیکیورٹی دینے کا عندیہ


خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی بورڈ نے ویزے جاری کرنے اور سیکیورٹی دینے کے حوالے سے گرین سگنل دیا ہے۔ معاملے پر اہم پیشرفت رواں ماہ 30 مارچ کو آئی سی سی چیف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سامنے آئے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق آئی سی سی یا بھارتی بورڈ کی جانب سے فی الوقت پی سی بی کو کوئی جواب نہیں دیا گیا مگر ویزوں کے اجرا اور بھارت میں فول پروف سیکیورٹی کی ضمانت کا باضابطہ بھارتی اعلان ضروری ہے جس کے بعد دیگر معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی چیف ایگزیکٹو اور بورڈ ممبران کے اجلاس میں بات ہوگی۔ پہلے مرحلے میں چیف ایگزیکٹوز کا ورچوئل اجلاس 30 اور 31 مارچ کو شیڈول ہے جس کے بعد آئی سی سی بورڈ ممبران کا ورچوئل اجلاس اپریل کے شروع میں منعقد ہو گا۔

ان ورچوئل اجلاسوں میں پاکستان ٹیم کے ویزوں کے اجرا سمیت ورلڈکپ کے مستقبل پر تبادلہ خیال ہوگا۔ پاکستان اسکواڈ کی ورلڈکپ میں شرکت سے ڈائریکٹ پی سی بی اور بھارتی بورڈ کا کوئی تعلق نہیں۔ یہ آئی سی سی کا ایونٹ ہے اور وہ ہی پی سی بی کو اپ ڈیٹ کرے گا۔