پارٹی ہو رہی ہے، گرل نے سوشل میڈیا پر تیزی سے شہرت کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا


کہتے ہیں کہ جب تقدیر مہربان ہوتی ہے تو کامابیوں کے رستے کھل جاتے ہیں اور تمام رکاوٹیں دور ہو جاتی ہیں۔ اپنی چند سیکنڈز کی ویڈیو سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی دنانیر مبین کے لیے خوشخبریوں کا سلسلہ ایسا شروع ہوا کہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

“پاوری ہو رہی ہے” سے مشہور ہونے والی 19 سالہ دنانیر مبین کی شہرت صرف پاکستان کی حدود کے اندر نہیں رہی بلکہ سرحدوں کے پار دیگر ممالک تک بھی پہنچ چکی ہے۔

بھارتی میوزک کمپوزر یشراج مکھاٹے نے اس کا ایک مکس بنا ڈالا جو سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہوا اور اس نے دنانیر مبین کی شہرت کو پھیلانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

بھارتی سٹیٹ بینک نے دنانیر مبین کی ویڈیو سے متاثر ہو کر اپنے صارفین کے لیے نئی مہم شروع کر دی ہے۔ سٹیٹ بینک نے آفر کرتے ہوئے تصویر شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ یہ ہمارا ایپ ہے، یہ آفرز ہے اور یہ ہماری پارٹی ہورہی ہے۔

اس کے علاوہ ماہرہ خان، شاہد کپور، شرمیلا فاروقی، کرکٹر حسن علی، ویرات کوہلی سمیت بے شمار فنکاروں، کھلاڑیوں اور سیاست دانوں نے ان کی “پاوری ہو رہی ہے” کو نقل کیا ہے۔

بھارت میں اترپردیش کی پولیس نے بھی ہیش ٹیگ “پاوری ہو رہی ہے” کو استعمال کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ” رات دیر تک پارٹی ہورہی ہے اور آپ پریشان ہورہے ہیں تو 112 پر کال کریں”۔

اسی طرح بھارتی فوجیوں کی بھی ایک ویڈیو ٹوئٹر پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ” یہ ہم ہیں، یہ ہماری گن ہے اور ہم یہاں پٹرولنگ کر رہے ہیں”۔

بی بی سی نے ان پر رپورٹ جاری کی ہے، اس کے علاوہ عالمی میڈیا میں بھی ان کا ذکر چلتا رہا۔ بھارت میں انہیں خصوصی پذیرائی ملی۔ وہاں کی تشہیری مہم چلانے والی کمپنیوں نے بھی “پاوری ہو رہی ہے” کو اپنے ایڈز میں استعمال کیا۔

ان کے انسٹاگرام پر فالورز کی تعداد دیکھتے ہی دیکھتے ایک ملین سے اوپر چلی گئی ہے۔ وہ سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہونے کا نیا ریکارڈ قائم کر چکی ہیں۔

اب دنانیر مبین کو ایک اور کامیابی مل گئی ہے۔ پشاور زلمی نے انہیں اپنی ٹیم کا آفیشل ممبر بنا لیا، دنانیر نے اپنے انسٹاگرام پیج پر اس خوشخبری کو جاوید آفریدی کے ساتھ تصویر کے ذریعے شیئر کیا۔ انہوں نے اس پوسٹ پر لکھا کہ
“میں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہوں کہ میں اب زلمی فیملی کی آفیشل ممبر بن چکی ہوں”

دنانیر کا تعلق پشاور سے ہے اور وہ خود کو ایک ’کونٹینٹ کریئٹر‘ کہتی ہیں۔ اپنے بلاگز پر زندگی کے مختلف پہلو شئیر کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ میک اپ فیشن اور لائف سٹائل سے لے کر ذہنی صحت کے مسائل سے متعلق ہر چیز پر بات کرتی ہیں۔

ساتھ ساتھ انہوں نے انسٹاگرام پر ٹی شرٹس بھی فروخت کرنا شروع کر دیے ہیں۔ اس کے لیے دنانیر مبین نے نیا پیج بنایا ہے۔ ان کی ٹی شرٹس پر بھی “پاوری ہو رہی ہے” پرنٹ کیا گیا ہے۔ سرخ اور سفید رنگ کے شرٹس کی تشہیر ان کے پیج سے ہو رہی ہے۔

کہتے ہیں کہ قدرت ہر کسی کو آگے بڑھنے کا موقع ضرور دیتی ہے، کچھ لوگ اس سے فائدہ اٹھا کر محنت اور لگن سے کام کرتے ہیں جبکہ بہت سے اس موقع کو ضائع کر دیتے ہیں۔

دنانیر مبین ان خوش قسمت افراد میں شامل ہیں جنہوں نے تقدیر کا بخشا ہوا لمحہ ضائع نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ کامیابیوں کی نئی منزلیں سر کرتی جا رہی ہیں۔