پاکستان:کورونا مثبت آنےکی شرح چار ماہ کی بلند ترین سطح پر


پاکستان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح گذشتہ چار ماہ کی بلند ترین سطح 6.24 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
جمعے کی صبح نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 36 ہزار 923 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے دو ہزار304 کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ نئے مریضوں کے ساتھ ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی کل تعداد تین لاکھ 52 ہزار 296 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 37 اموات رپورٹ ہوئی جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 7092 ہوگئی ہے۔
ملک میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد 23 ہزار 641 ہے۔ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 21 ہزار 563 ہے۔
کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 53 ہزار 51 افراد اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔ سندھ میں کورونا سے اب تک دو ہزار 718 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ آٹھ ہزار 822 ہے جب کہ اس وبا سے اب تک دو ہزار 455 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 41 ہزار 472 اور ایک ہزار 303 اموات ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں اب تک 23 ہزار 122 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 250 ہے۔
بلوچستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 16 ہزار 274 جب کہ اموات 155 ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد پانچ ہزار 139 اور اموات 118 ہے جب کہ گلگت بلتستان میں مریض چار ہزار 416 اور اموات 93 ہیں۔