پاکستانی امپائر احسن رضا کیلئے 26 جنوری کا دن بے حد اہمیت اختیار کر گیا مگر کیوں؟


لاہور  سری لنکا ٹیم پر بس حملے میں شدید زخمی ہونے والے اس وقت کے ریزور امپائر احسن رضا کیلئے 26 جنوری کا دن بے حد اہمیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ وہ اس میچ میں بطور امپائر ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 13 سال بعد پاکستانی سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی جس کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے اور ان میں احسن رضا بھی شامل ہیں جو بطور امپائر ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔ پاکستان میں ہونے والے بنگلہ دیش اور سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچز پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے غیر ملکی امپائرز نے فیلڈ میں ذمہ داریاں نبھائیں تھیں لیکن اب کوویڈ میں کرکٹ سرگرمیاں بحال ہونے آئی سی سی نے تمام ممبر ممالک کو اپنے امپائرزٹیسٹ میچز میں کھڑے کرنے کی خصوصی اجازت دے رکھی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جن پانچ میچ آفیشلز کے تقرر کا اعلان کیا گیا ہے ان میں احسن رضا بھی شامل ہیں، احسن رضا اس وقت ریکارڈ 51 ٹی 20 میچز سپروائز کرچکے ہیں جبکہ 37 ون ڈے میچز میں ذمہ داریاں نبھانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ دوسری جانب 132 ٹیسٹ میچز سپروائز کرنے والے علیم ڈار بھی اس روز پہلی بار پاکستان سرزمین پر ٹیسٹ میچ کیلئے میدان میں اتریں گے۔