پاکستانی عوام نے ایک ماہ کے دوران 10 ارب روپے موبائل فون خریداری پر اڑا دیئے


اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستانی موبائل صارفین نے ایک ارب 37 کروڑ روپے کے موبائل فون خریدے مگر رواں مالی سال کے صرف پہلے 4 ماہ کے دوران ہی 92 ارب روپے کے موبائل فون درآمد کیے جا چکے ہیں۔

غریب پاکستانیوں نے 10 ارب روپے کے موبائل فون صرف اکتوبر2020 میں درآمد کیے ہیں۔ جس کے بعد وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے عوام کو خوشخبری سنائی ہے کہ اب موبائل بنانے والی 3 بڑی کمپنیاں بہت جلد پاکستان میں بھی اپنا آپریشن شروع کر دیں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس طرح سے پاکستان سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر کی بچت کر سکے گا اور یہی نہیں اس سے ہماری مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر موبائل فون کی تیاری کے سلسلے میں حکومت نے مراعات دینے کا بھی اعلان کیا ہے جس کے لازمی طور پر مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ اس کا ایک فائدہ مقامی صارفین کو یہ بھی ہو گا کہ انہیں اچھے اور عالمی معیار کے فیچرز اور موبائل سستے داموں میسر ہو سکیں گے۔