پاکستان شاہینز کا 22 رکنی سکواڈ کوئنز ٹاﺅن سے وانگرے روانہ ہو گیا

لاہور پاکستان شاہینز کا 22 رکنی سکواڈ نیوزی لینڈ کے خلاف چار روزہ میچ میں شرکت کیلئے کوئنز ٹاﺅن سے وانگرے روانہ ہوگیا جہاں 17 دسمبر کو میچ شیڈول ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ سکواڈ اور پاکستان شاہینز سکواڈ کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ پاکستان شاہینز کا 22 رکنی سکواڈ نیوزی لینڈ کے خلاف چار روزہ میچ میں شرکت کیلئے کوئنز ٹاﺅن سے وانگرے روانہ ہوگیا جہاں 17 دسمبر کو میچ شیڈول ہے جبکہ ٹی 20 کرکٹ ٹیم کوئنز ٹاؤن میں انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ کھیل رہی ہے اور ان فٹ اوپنر امام الحق بھی ٹی 20 ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔

کوئنز ٹاؤن میں قومی سکواڈ کا یہ تیسرا اور آخری ٹارگٹ پریکٹس میچ ہے جس دوران سکواڈ میں شامل صرف بیٹسمین ہی بیٹنگ کررہے ہیں جبکہ باؤلرز کو مقررہ اہداف کے مطابق باؤلنگ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے البتہ شاداب خان بیٹنگ کے ساتھ ساتھ باؤلنگ کی بھی پریکٹس کررہے ہیں۔

دوسری جانب بابراعظم اور امام الحق نے آج ہلکی پھلکی فزیکل ٹریننگ کی، بابراعظم انجری کے باعث ٹی 20 سیریز سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ امام الحق کی شرکت بھی فٹنس سے مشروط ہے، قومی ٹی 20 سکواڈ کل آکلینڈ روانہ ہو گا جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی 20میچ 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔