پاکستان میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، بیشتر شہر اندھیرے میں ڈوب گئے


اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، فیصل آباد سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں بجلی غائب
اسلام آباد تازہ ترین۔ 09 جنوری 2021ء) پاکستان میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا، بیشتر شہر اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوگیا۔ لاہور کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس کے بعد سارا شہر تاریکی میں ڈوب گیا ہے۔
اس کے علاوہ کراچی کے بھی متعدد علاقوں کی بجلی معطل ہو گئی ہے جس کے بعد شہر قائد بھی اندھیرے میں ڈوب گیا ہے۔ وفاقی دارلاحکومت اور راولپنڈی کے بھی کئی علاقوں میں بجلی کی بندش ہوئی ہے۔ لاہور کے علاقوں سمن آباد، دھرم پورہ، گلبرگ میں بجلی بند ہوئی ہے۔ جبکہ ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، شملہ پہاڑی کے علاقوں میں بھی بجلی کی بندش کی اطلاع ملی ہے۔ لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ، بھٹہ چوک سمیت متعدد علاقوں کی بجلی غائب ہے۔