پٹرولنگ پولیس اہلکاروں نے غیرضروری گاڑی پر فائرنگ کی،سی پی او کا نوجوان کے قتل کے واقعہ پر بیان


فیصل آباد فیصل آباد پٹرولنگ پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان کے قتل کاواقعہ پر سٹی پولیس آفیسرسہیل چودھری کابیان بھی سامنے آگیا۔

نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق سی پی او سہیل چودھری کاکہناہے کہ پٹرولنگ پولیس اہلکاروں نے غیرضروری طور پر گاڑی پر فائرنگ کی،یہ بڑا افسوسناک واقعہ ہے،پولیس کاکسی نہتے اورعام شہری پر تعاقب کرنے کاکوئی جواز نہیں بنتا۔

سہیل چودھری نے کہاکہ معاملہ نوٹس میں آنے پر واقعہ کی انکوائری کی گئی ،ملوث پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا جاچکا ہے، معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیق کی یقین دہانی کرواتا ہوں ۔

سی پی او سہیل چودھری نے انکوائری کیلئے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی،نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی ایس پی اقبال ٹاﺅن حافظ کامران کریں گے،انکوائری کمیٹی میں ڈی ایس پی محمد طارق، ایس ایچ او ڈجکوٹ عمرسرفراز شامل ہیں،سی پی او نے کہاکہ کمیٹی لواحقین کے بیانات اور دیگر شواہد کا تفصیلی جائزہ لے گی ۔