پہلے بھی لانگ مارچ گوجرانوالہ تک ہی گیا تھا کہ مسئلہ حل ہوگیا تھا:محمد زبیر

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کا گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اکیلے استعفوں کا فیصلہ نہیں کرسکتی، استعفوں کا فیصلہ کرنے کے لیے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی پلیٹ فارم پر مشاورت ہوگی۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی سے استعفوں کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں گیارہ جماعتیں ہیں اور استعفوں کا فیصلہ 11 جماعتوں کی مشاورت سے ہی ہوگا، 8 دسمبر کو پی ڈی ایم کا اجلاس ہوگا۔ اس میں مشاورت کی جائے گی اور جو بھی فیصلہ ہوگا، اس کا اعلان تیرا دسمبر کو لاہور میں مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے میں کیا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ بات استعفوں تک نہ جائے اور لانگ مارچ شروع ہوتے ہی مسئلہ حل ہو جائے کیونکہ پہلے بھی لانگ مارچ گوجرانوالہ تک ہی گیا تھا کہ مسئلہ حل ہوگیا تھا اور اس وقت اس لانگ مارچ کی قیادت میاں محمد نواز شریف اور اعتزاز احسن کر رہے تھے۔