پیکر صداقت ،پہلے خلیفہ سیدنا ابوبکر صدیق ؓکا یوم وصال آج منایا جارہا ہے


لاہور پہلے خلیفہ،عشرہ مبشرہ صحابی اور خسر رسولﷺ حضرت ابوبکر صدیق ؓ کا یوم وصال آج منایا جارہا ہے،ملک بھر میں اس دن کے حوالے سے تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکا نے شان ابوبکر صدیق ؓ پر روشنی ڈالی۔

حضرت ابوبکر صدیق ؓ کا یوم وصال 22 جمادی الثانی کو ملک بھر میں انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جاتا ہے۔اس حوالےس ے آج خصوصی اجتماعات منعقد ہوئے جبکہ مختلف دینی جماعتوں کی جانب سے ملک کے تمام بڑے شہروں میں جلسےاور سیمینارزکا بھی انعقاد کیا گیا۔جن میں مقررین نے سیدنا صدیق اکبرؓ کے فضائل ومناقب، سیرت و کردار اور سنہرے کارناموں پر روشنی ڈالی۔

حضرت ابوبکر صدیق ؓ کا شمار سب سے پہلے اسلام قبول کرنے والے صحابہ ؓ میں ہوتا ہے۔ رسول اللہﷺ نے انہیں صدیق کا لقب دیا،آپ ؓ اللہ کے نبی ﷺ کے معتمد خاص تھے،ہجرت کے وقت بھی حضرت ابوبکر ؓ رسول پاک ﷺ کے ساتھ تھے۔ اپ نے تمام غزوات میں شرکت کی ،غزوہ تبوک کے موقع پر جب رسول اللہ ﷺ نے مالی معاونت طلب کی تو آپؓ گھر کا سارا سامان آٹھا لائے۔جب اللہ کے نبی ﷺ نے پوچھا ابوبکر ؓ گھر کیا چھوڑ آئے ہو؟ تو آپ ؓ نے جواب دیا کہ گھر کے لیے میں اللہ اور اس کے رسول کو چھوڑ آیا ہوں۔علامہ اقبال نے اس واقعہ کو کچھ یوں بیان کیا ہے پروانے کو چراغ ہے، بلبل کو پھول بس صدیقؓ کے لیے ہے، خدا کا رسولؐ بس

رسول اللہ ﷺ کی وفات کے بعد آپ ؓ پہلے خلیفہ بنے،آپؓ کے دور میں منکرین زکوۃ کے خلاف جہاد کیا گیا جبکہ دیگر ممالک میں اسلامی فوجیں روانہ کی گئیں۔آپ ؓ کے دور خلافت میں شام اور عراق کا بڑا علاقہ فتح ہوچکا تھا۔آپؓ کا وصال 63 برس کی عمر میں ہوا۔