پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن، وہاب ریاض نے آغاز سے قبل ہی خطرناک عزائم ظاہر کر دئیے


کراچی  پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے چھٹے ایڈیشن میں جارحانہ کرکٹ کھیل کر اچھے نتائج فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ورچوئل پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہفتے سے شروع ہونے والی لیگ میں جارحانہ طرز کی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل بہترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور کوشش کریں گے کہ بہترین نتائج دیں۔

فاسٹ باﺅلر نے کہا کہ ہم پرانی غلطیاں اب نہیں دہرائیں گے، کھلاڑیوں کو ان کے کردار بتادئیے ہیں، کامران اکمل ہمارے مین وکٹ کیپر ہیں جبکہ امام الحق کو ہم سیکنڈ وکٹ کیپر کے طور پر تیار کررہے ہیں، ماضی میں ہماری مڈل آرڈر بیٹنگ میں شاہد خان آفریدی، ڈیرن سیمی اور پولارڈ جیسے کھلاڑی شامل تھے اور ہم پانچوں سیزن میں پلے آف تک پہنچے لیکن اب خاص طور پر کامران اکمل، روی بوپارا اور شعیب ملک سے بہت توقعات ہیں اور مقصد صرف پلے آف مرحلے تک پہنچنا نہیں بلکہ ٹرافی جیتنا ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کہ ڈیوڈ ملر، ردر فورڈ اور عمران بٹ سے بھی اچھی توقعات وابستہ ہیں، پاکستان سے کھیلنا اولین ترجیح ہوتی ہے اور مجھے قومی ٹیم میں شامل نہ ہونے کا افسوس ہے تاہم اس وقت میری توجہ پی ایس ایل پر ہے کیونکہ لیگ میں اچھی کارکردگی سے ہی ٹیم میں واپسی ہو سکتی ہے، پشاور زلمی کو خیرباد کہہ کر اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بننے والے فاسٹ باﺅلر حسن علی کیلئے نیک خواہشات ہیں، عماد بٹ اور عرفان سینئر ان کا خلاءپورا کرنے کی کوشش کریں گے۔