پی ایس ایل کے بقیہ میچز پاکستان سے منتقل کرنے کا فیصلہ


پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز پاکستان کے بجائے متحدہ عرب امارات میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سیزن 6 کے میچز پاکستان سے دبئی منتقل کرنے سے متعلق غور کرنے کیلئے پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کا ایک اجلاس منعقد ہوا ہے، اجلاس میں دبئی یا ابو ظہبی میں سے کسی ایک اسٹیڈیم میں میچز کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں کھلاڑیوں اور دیگر ٹیم آفیشلز کے ویزہ جات سمیت دیگر امور پر امارات کے کرکٹ بورڈ سے رابطے میں رہنے کا بھی اتفاق ہوا، اجلاس کے بعد پی سی بی کی جانب سے اس حوالے سے یو اے ای کرکٹ بورڈ کو خط لکھا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے لکھے گے خط میں میچز کے شیڈول کے مطابق اسٹیڈیم،ہوٹلز اور دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں، میچز کے دبئی یا ابو ظہبی میں سے کس وینیو پر کروائے جائیں یہ معاملہ بھی امارات بورڈ سے مشاورت کے بعد حتمی طور پر کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران امارات کے علاوہ متبادل وینیو کیلئے سری لنکا میں بقیہ میچز کروانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا ہ تاہم یہ متحدہ عرب امارات میں میچز کے انعقاد میں ناکامی کی صورت میں عمل میں لائی جائے گی، ابھی پی سی بی امارات بورڈ کو لکھے گئے خط کے جواب کا انتظار کررہا ہے، منظوری کی صورت میں میچز کا شیڈول بھی جاری کیا جائے گا۔