پی ایس ایل کے دوران قذافی سٹیڈیم میں کتنے افراد داخل ہو سکیں گے اور کراچی میں کتنے؟ صحیح تعداد جانئے


لاہور  حکومت نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے دوران 20 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم داخلے کی اجازت دیدی ہے جس پر پاکستانی خوشی سے نہال ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جلد ہی ٹکٹنگ پالیسی کا اعلان بھی کر دے گا۔

رواں ماہ کی 20 تاریخ سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ کے میچز قذافی سٹیڈیم لاہور اور نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے اور 20 فیصد شائقین کے حساب سے تقریباً 5,500 شائقین کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں داخل ہونے دیا جائے گا جبکہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں 7,500 کے قریب شائقین کرکٹ داخل ہو سکیں گے۔

نیشنل کمانڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ملنے کے بعد 10 فروری سے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل شروع ہونے کا بھی امکان ہے تاہم کوویڈ 19 کی وجہ سے اس مرتبہ صرف آن لائن ٹکٹوں کی فروخت پر غور کیا جائے جبکہ کم تعداد میں تماشائیوں کی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ملنے کے باعث ٹکٹوں کے نرخ بھی زیادہ ہوں گے۔