پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلے کے دوران علیم ڈار کے جشن کا انداز وائرل


جس کا ہو انداز الگ وہ سوشل میڈیا کنگ بن جاتا ہے,اس بار مایہ ناز امپائر علیم ڈار کےجشن کا انداز سوشل میڈیا پر چھایا ہوا ہے, علیم ڈار پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلے کے دوران اپنا فیصلہ درست ہونے پر پرجوش ہوئے اور مکّا لہرا کر خوشی منائی۔

ٹوئٹر پر علیم ڈار کے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا ریویو مسترد ہونے پر خوشی کا اظہار کرنے کے اسٹائل کے چرچے ہورہے ہیں,ساتھ ہی صارفین میمز بناکر انجوائے کررہے ہیں۔

ایک صارف نے علیم ڈار کی تصویر پر کیپشن لکھا کہ ’میرے والدین جب مجھے دوستوں کے ساتھ باہر جانے کی اجازت دیں تو میری خوشی کچھ ایسی ہی ہوتی ہے۔

علیم ڈار کے فیصلوں کو پوری دنیا مانتی ہے,انہوں نے ٹیکنالوجی کوبھی مات دے رکھی ہے، لیکن علیم ڈار کا پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پہلی مرتبہ فیصلہ تبدیل ہوا تھا۔

علیم ڈار کی عدم دستیابی کے باعث پی ایس ایل کے میچ آفیشلز کی تقرری میں تبدیلی کی گئی, پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق علیم ڈار افغانستان بمقابلہ زمبابوے سیریز کے باعث 25 فروری سے 14 مارچ تک دستیاب نہیں ہوں گے۔

علیم ڈار اب 23 اور 24 فروری کے شیڈول لیگ میچز میں امپائرنگ کریں گے, 12، 13، 14 اور 15 مارچ کو شیڈول میچز میں علیم ڈار کی جگہ ضمیر حیدر، راشد ریاض اور آصف یعقوب امپائرنگ کریں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے پہلے مرحلے کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی,پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان سلطانز کو کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے 193 رنز بنائے جو کہ اس ٹورنامنٹ کا اب تک کا ایک بڑا ہدف ہے۔