پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کیلئے فرنچائزز کے ری ٹین کئے گئے کھلاڑیوں کی فہرست جاری ہو گئی


لاہور  پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 6 فرنچائز ز کی جانب سے ری ٹین کئے گئے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے جبکہ ڈرافٹنگ کا عمل اتوار کے روز لاہور میں ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز نے پلاٹینم میں محمد حفیظ، شاہین شاہ آفریدی، ڈائمنڈ میں فخر زمان ،ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف، گولڈ میں بین ڈنک اور دلبر حسین جبکہ سلور میں سہیل اختر کو ری ٹین کیا ہے جبکہ عابد علی، کرس لین، ڈین ویلاز، سلمان بٹ، سلمان ارشاد، سمٹ پٹیل اور عثمان شنواری کو ریلیز کیا ہے۔

دفاعی چیمپین کراچی کنگز نے پلاٹینم میں بابراعظم، محمد عامر، کولن انگرام، ڈائمنڈ میں عماد وسیم، گولڈ میں عامر یامین، شرجیل خان، سلور میں وقاص مقصود اور ایمرجنگ میں ارشد اقبال کو ری ٹین کیا ہے۔ کراچی کنگرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان واحد ٹریڈ ہوئی ہے جس میں ایلکس ہیلز اسلام آباد اور کولن انگرام کراچی کنگرز میں چلے گئے۔ کراچی کنگز نے کیمرون ڈیلپورٹ، شیڈویک والٹن، کرس جارڈن ، افتخار احمد، محمد رضوان ، عمر خان اور اسامہ میر کو ریلیز کیا ہے۔

ملتان سلطانز نے پلاٹینم میں شاہد آفریدی اور ریلی روسو، ڈائمنڈ میں سہیل تنویر عمران طاہر خوشدل شاہ جبکہ گولڈ میں جیمز وینس، شان مسعود اور عثمان قادر کو برقرار رکھا ہے۔ ملتان سلطانز نے اسد شفیق، بلاول بھٹی، جنید خان، محمد عرفان، روحیل نذیر ، روی بوپارا، معین علی اور ذیشان اشرف کو ریلیز کر دیا۔

پشاور زلمی نے 5 کھلاڑیوں کو ری ٹین کیا جن میں پلاٹینم میں وہاب ریاض، شعیب ملک، ڈائمنڈ میں کامران اکمل اور گولڈ میں لائم لیونگ سٹون اور حیدر شامل ہیں۔ پشاور زلمی نے حسن علی، امام الحق،کارلوس بریتھویٹ، راحت علی، یاسر شاہ اور کیرون پولارڈ کو ریلیز کیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینم میں سرفراز احمد، ڈائمنڈ میں بین کٹنگ، محمد حسنین، محمد نواز، گولڈ میں اعظم خان، نسیم شاہ جبکہ سلور میں زاہد محمود اور انور علی کو ری ٹین کیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے احمد شہزاد، عمر اکمل، فواد احمد، جیسن روئے، خرم منظور ، سہیل خان اور کیمو پاؤل کو ریلیز کیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے پلاٹینم میں شاداب خان، ایلیکس ہیلز، ڈائمنڈ میں کولن منرو، فہیم اشرف، گولڈ میں حسین طلعت، آصف علی جبکہ سلور میں موسیٰ خان اور ظفر گوہر شامل ہیں۔ سابق چیمپین نے ڈیل سٹین، لیوک رونکی، فل سالٹ اور رومان رئیس کو ریلیز کردیا ہے۔