پی ایس ایل 2021ء: پی سی بی نے میچ آفیشلز کا تقرر کردیا


لاہور  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے میچ آفیشلز کا تقرر کردیا ہے، آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل علیم ڈار، رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف کیساتھ پی سی بی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل سات ارکان بھی امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، 20 فروری سے 22مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ کے میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

دنیا نیوز کے مطابق مقامی امپائرز میں آصف یعقوب، احسن رضا، فیصل خان آفریدی، عمران جاوید، راشد ریاض، شوزب رضا اور ضمیر حیدر شامل ہیں۔آئی سی سی ایلیٹ پینل آف ریفریز کے سابق رکن روشن ماہنامہ اور پی سی بی ایلیٹ پینل آف ریفریز میں شامل علی نقوی، افتخار احمد، محمد انیس اور محمد جاوید ملک پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی کریں گے۔

ایونٹ کے افتتاحی میچ میں علیم ڈار اور احسن رضا فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، راشد ریاض کو تھرڈ امپائر اور آصف یعقوب کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے، روشن ماہنامہ اس روز میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے، ایونٹ کے کوالیفائر، دو ایلیمنٹرزاور فائنل کےلیے امپائرز اورمیچ ریفریز کی تقرری میچز سے کچھ روز قبل کی جائے گی۔