پی سی بی کا بچے کی پیدائش پر تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی پالیسی کا اعلان


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کھلاڑیوں کے لئے بڑا اقدام، بچے کی پیدائش پر کھلاڑیوں کے لیے پالیسی بنا دی گئی ہے۔

پی سی بی نے بچے کی پیدائش پر تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی پالیسی کا اعلان کردیا۔

پالیسی کے مطابق پیشہ ور کھلاڑیوں کے لیے جاری کردہ اس پالیسی کا اطلاق ویمنز اور مینز دونوں کرکٹرز پر ہوگا، جو بالترتیب حمل کے دوران اور بچے کی پیدائش کے وقت اس پالیسی سے مستفید ہوسکیں گے۔

خواتین کرکٹرز چاہیں گی تو اپنی زچگی کی چھٹی کے شروع ہونے سے لے کر بچے کی پیدائش تک وہ اپنے لیے نان پلیئنگ رول اختیارکرسکیں گی۔ اس موقع پر خواتین کھلاڑی تنخواہ کے ساتھ 12 ماہ کی چھٹی اور کنٹریکٹ کی معیاد میں ایک سالہ توسیع کی حقدار بھی ہوں گی۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا خیال رکھنا پی سی بی کی ذمہ داری ہے، خواتین کرکٹرز کے لیے یہ پالیسی بہت ضروری ہے۔

وسیم خان نے کہا ہے کہ ماضی کی نسبت زیادہ خواتین کھیل کی طرف آئیں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے بچے کی متوقع پیدائش کی وجہ سے کھیل سے بریک لیا ہوا ہے اور وہ پی سی بی کی پالیسی سے فائدہ اٹھانے والی پہلی کھلاڑی ہوں گی۔