پی ڈی ایم کارکنان نے جلسہ گاہ کے راستے میں حائل تمام رکاوٹیں ہٹا دیں، سٹیڈیم میں داخل

ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن)پی ڈی ایم کارکنان نے قاسم باغ کے راستے میں حائل تمام رکاوٹیں ہٹا دیں اور سٹیڈیم میں داخل ہو گئے۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کے کارکنان نے گھنٹہ گھر چوک میں رکاوٹیں ہٹانا شروع کردی ہیں ، واٹر ورکس روڈ پر لگی رکاوٹیں ،ٹریکٹر ٹرالی کو ہٹا دیا گیا،کارکنان کی ایک بڑی تعداد کے سامنے پولیس بے بس ہو گئی اورپیچھے ہٹ گئی ، پی ڈی ایم کے کارکن قاسم باغ میں داخل ہو گئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری کراچی سے ملتان پہنچ گئیں۔ صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعیدغنی ، وزیر اطلاعات سندھ ناصرشاہ، ایم این اے شگفتہ جمانی بھی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے۔ آصفہ بھٹو زرداری چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ملتان پہنچیں۔ آصفہ بھٹو پیپلزپارٹی جلسے میں بلاول بھٹو کی نمائندگی کریں گی، وہ جلسے میں پی ڈی ایم قیادت کا استقبال کرینگی۔
دوسری جانب لیگی رہنما مریم نواز ملتان جلسے میں شرکت کے لئے لاہور سے روانہ ہوگئیں۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم کے اندر ہو یا سڑک پر ضرور ہوگا، حکومت کورونا نہیں اپوزیشن سے ڈر رہی ہے، ناکوں اور رکاوٹوں سے ان کا خوف عیاں ہے۔

مریم نواز نے کہا یہ جلسہ ہونے سے پہلے ہی کامیاب ہوچکا، حکومتی وزرا کی جانب سے جلسے ہو رہے ہیں، کیا جماعت اسلامی کے جلسے میں کورونا نہیں پھیلا ؟ مریم نواز جیل کاٹ چکی، دوبارہ گرفتاری سے ڈر نہیں، کسی کو شک نہیں یہ حکومت جانیوالی ہے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا رکاوٹیں دیکھ لیں، یہ سب حکومتی خوف کی علامات ہیں، گھروں پر مشکلات آتی ہیں تو بیٹیاں باہر نکلتی ہیں، ملتان میں (ن) لیگ سے پہلے پولیس کا جلسہ ہو رہا ہے، پولیس والے بھی عوام سے تنگ ہیں، عمران خان اپنی نوکری بچانے کیلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنی رہائشگاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ساتھیوں کےساتھ جلسہ گاہ جائیں گے،دیکھتے ہیں کہاں رکاوٹیں ہیں ،جب تک جلسہ نہیں ہوجاتا ہم نہیں جائیں گے،انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے وہ ہمیں گرفتار کریں ہم انہیں گرفتار کرلیںگے،کنٹینرزہٹانے سے متعلق عدالتی فیصلہ حقائق کے مطابق ہے، رضاکاراپنا کرداربھرپور طریقے سے اداکررہے ہیں،انہوں نے کہاکہ ہمیں کوئی مارے گاتوخاموش نہیں بیٹھیں گے، وہ ہمیں بندوق سے ماریں گے تو ہم انہیں ڈنڈے سے ماریں گے،آصفہ بھٹو کو خوش آمدیدکہتے ہیں ۔