چاول کا پانی : چہرے اور بالوں کی خوبصورتی کا آزمودہ نسخہ


بیوٹیشن اور کاسمیٹکس ماہرین کا کہنا ہے کہ چاولوں کا پانی چہرے کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے اہم ترین جز ہے، اس پانی کے استعمال سے بالوں کی صحت پر بھی بہت اچھا اثر پڑتا ہے۔

چاولوں کو ابال کر یا پیس کر انہیں کئی طرح کے فیس ماسک میں استعمال کیا جاتا ہے جبکہ چاولوں کے پاؤڈر کو شہد میں ملا کر بہترین وائٹننگ اسکرب بھی بنایا جاسکتا ہے

چاول ایک ایسی غذا ہے جو تقریباً ہر گھر میں شوق سے کھائی جاتی ہے، خوتین اگر چالوں کو پکانے سے قبل اسے بگھونے کی صورت میں حاصل ہونے والے پانی کے حیرت انگیز فوائد جان لیں تو اسے پھینکنے کے بجائے اپنی خوبصورتی بڑھانے کے لیے اس کا استعمال شروع کر دیں گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چاولوں کے پانی کے استعمال سے جِلد اور بالوں کی صحت پر ان گنت فوائد حاصل ہوتے ہیں، اس کی افادیت کو مد نظر رکھتے ہوئے بہت ساری کاسمیٹک کمپنیز نے بھی یہ دعویٰ کرنا شروع کر دیا ہے کہ اُن کی پروڈکٹ میں چاولوں کا پانی استعمال کیا گیا ہے۔

چاولوں کے پانی کے کیا فوائد ہیں؟

چاولوں کے پانی کے استعمال سے جلد اور بال نرم و ملائم ہو جاتے ہیں، اس میں اضافی مقدار میں وٹامنز اور منرلز پائے جاتے ہیں۔ یہ جِلد اور بالوں کے مختلف امراض کے علاج میں کار آمد ہے۔

ایکنی اور کیل مہاسوں کا خاتمہ

گرمیوں کے آتے ہی جلد پر اضافی تیل آنے کے سبب سب سے پہلے چہرے پر دانے اور اس کے نتیجے میں داغ دھبے بننا شروع ہوتے ہیں، یہ ایکنی اور کیل مہاسے ہارمونز میں خرابی کی وجہ سے بھی ہوتے ہیں مگر جِلد کی صفائی سے ان میں خاطر خوا ہ کمی لائی جاسکتی ہے۔

چاولوں کا پانی کیل مہاسوں کے خاتمے کے لیے ایک قُدرتی دوا ہے جو جلد کے کھلے مساموں کو بند کرتا ہے اور کیل مہاسوں کو ختم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، چہرے پر چاولوں کے پانی کے استعمال کے لیے اسے پہلے فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کر لیں اور پھر روئی کی مدد سے دانوں پر لگائیں۔ چاولوں کے پانی میں کوئی صاف سوتی کپڑا یا ٹشو بھگو کر اپنے پورے چہرے پر بھی رکھاجا سکتا ہے، یہ عمل 15سے 20 منٹ کے لیے روزانہ دہرائیں ، اس کے نتیجے میں چہرہ صاف شفاف اور رنگ نکھر جائے گا۔