چیئرمین پی سی پی احسان مانی کے استعفے کی خبریں، حقیقت کیا ہے؟


پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کے حوالے سے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ احسان مانی کے عہدے کی مدت 4 ستمبر کو پوری ہو رہی ہے مگر انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور یہ استعفیٰ باقاعدہ طور پر انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو ارسال کیا ہے۔

راشد لطیف نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کچھ ہی روز قبل استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوایا ہے، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ان کے پاس انتہائی مستند ذرائع سے خبر پہنچی ہے کہ استعفیٰ وزیراعظم کے دفتر پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چونکہ پی سی بی کے پیٹرن اِن چیف ہیں اس لیے وہی استعفے کی حتمی منظوری دیں گے۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اپنا عہدہ چھوڑنے کے راشد لطیف کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ خبر رساں ادارے کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسی تمام خبریں محض افواہیں ہیں جنہیں من گھڑت سے زیادہ کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

یاد رہے کہ احسان مانی کو 3 سال کے لیے چیئرمین پی سی بی بنایا گیا تھا ان کے عہدے کی مدت4 ستمبر2021 کو مکمل ہو رہی ہے۔