چیف جسٹس کا پولیس افسران کی ڈگریوں کی جانچ پڑتال کا حکم


نجی خبر رساں ادارے کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد کی زیر صدارت پولیس اصلاحات کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیف جسٹس پاکستان نے ملک بھر کے تمام پولیس افسران کی ڈگریاں چیک کرانے کا حکم جاری کر دیا۔

چیف جسٹس نے اجلاس میں کہا کہ تمام آئی جی، افسران اور اہلکاروں کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کرائیں، غیر ضروری دباؤ کے خاتمے کے لیے پولیس میں تبادلوں کا اختیار صوبے کے انسپکٹر جنرل کے پاس ہی ہونا چاہیے۔

چیف جسٹس گلزاراحمد نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی اور عام مقدمات میں فرق کے لیے عدالتی فیصلوں کو مدنظر رکھا جائے، متنازع مقدمات میں غیر ضروری گرفتاریوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔

چیف جسٹس نے پولیس اصلاحات پر عمل درآمد کے لیے آئندہ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ اور صوبائی چیف سیکریٹریز کو بھی طلب کرلیا۔

یاد رہے کہ پولیس کی جانب سے مختلف واقعات اور ملزمان پر تشدد کے واقعات سامنے آنے پر پولیس اصلاحات کا مطالبہ سامنے آیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر بڑھنے والے دباؤ کے تحت حکومت نے پولیس اصلاحات کمیٹی قائم کی تھی جس کے اب تک متعدد اجلاس منعقد ہو چکے ہیں۔