ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی نشر ہونے سے پی ٹی وی کو کتنی آمدن ہوئی؟


میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک کو تر ک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی نشر کرنے کی بدولت 42 کروڑ روپے کی آمدن ہوئی ہے۔

فیشن میگزین کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سرکاری ٹی وی چینل کو ترکی کا مشہور ڈرامہ سیریل “ارطغرل غازی” اردو میں ڈب کرکے نشر کرنے پر حوصلہ افزاء آمدن ہوئی ہے، یہ ڈرامہ وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر ڈبنگ کے بعد رواں برس ہی اپریل، مئی کے مہینوں میں نشر ہونا شروع ہوا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا لاک ڈاؤن کے دوران نشر کیے گئے اس ڈرامہ سیریل کو پاکستان میں ریکارڈ شہرت ملی، ٹی وی سمیت اس کی اقساط کو یوٹیوب پر بھی لاکھوں لوگوں نے نہ صرف دیکھا بلکہ بے حد پسند کیا ہے، یوٹیوب پر نشر کرنے کیلئے پی ٹی وی نے ترکی کے ریاستی براڈکاسٹر ٹی آر ٹی کے ساتھ مل کر خصوصی یوٹیوب چینل بھی تشکیل دیا تھا جسے 18 اپریل سے اب تک 1 کروڑ سے زائد افراد سبسکرائب کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس وزیراعظم عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام میں پاکستان کے ریاستی ٹی وی نیٹ ورک پی ٹی وی کو ترکی کے مشہور سیریل “ارطغرل ” کو اردو میں ڈبنگ کے بعد نشر کرنے کی تجویز دی تھی، یوٹیوب پر اس کی پہلی قسط کو اب تک 8 کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے، جب کہ مجموعی طور پر اس ڈرامہ کے ویوز اربوں تک پہنچ چکے ہیں۔

ترکش ریڈیو اینڈ ٹی وی( ٹی آر ٹی) کی بنائی گئی اس سلسلہ وار سیریز کو پہلی بار دسمبر 2014 میں دنیا بھر میں نشر کیا گیا تھا، شروع میں اس کی ایک قسط کا دورانیہ 2 گھنٹے تک تھا ، مگر آن لائن سٹریمنگ سائٹ نیٹ فلکس نے اس کی ایک قسط کا دورانیہ 42 سے 45 منٹ فی قسط کردیا ، جس کے بعد یہ تقریباً 450 قسطوں پر مشتمل ایک سیریز بن گئی، یہ ڈرامہ سلطنت عثمانیہ کے بانی ارطغرل غازی کی زندگی پر مبنی ہے جس میں مسلمانوں کی تاریخ کو عیاں کیا گیا ہے۔