ڈمی کپتان نہیں بنوں گا، بابر اعظم کا چیف سلیکٹر محمد وسیم کو پیغام


قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کی جانب سے دورہ زمبابوے اور جنوبی افریقا کے لیے منتخب کیے گئے کھلاڑیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی صورت بھی ڈمی کپتان نہیں بنیں گے.

تفصیلات کے مطابق سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جن کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اس پر بابر اعظم نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ڈمی کپتان نہیں بنوں گا ، اگر مجھے کپتانی کی ذمہ داری دی گئی ہے تو کھلاڑیوں کو سلیکٹ کرنے کی بھی اجازت ملنی چاہیے۔

بابر اعظم نے ون ڈے سکواڈ میں آل راونڈر حارث سہیل کو شامل کرنے کی تجویز دی لیکن ٹیم سلیکشن کمیٹی نے ان کی اس رائے کو مسترد کر دیا جبکہ بابر اعظم نے ٹیسٹ سکواڈ میں یاسر شاہ کو شامل نہ کیے جانے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے چیف سلیکٹر محمد وسیم سے متعدد بار رابطہ کیا تاہم ان سے رابطہ نہ ہو سکا اور ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے بھی چیف سلیکٹر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے عماد وسیم، محمد عامر، حارث رؤف اور شعیب ملک کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیاہے۔