کراچی: سکول طالبہ کیساتھ دست درازی کرنیوالے ملزم کی ویڈیو منظرعام پر


کراچی اولڈ سٹی ایریا میں سکول کی طالبہ کو ہراساں کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرنے کے بعد رہا کیوں کیا؟

کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں سکول کی طالبہ سے دست درازی کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرنے کے بعد رہا کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے ملزم کو رہا کرنے کے حوالے سے یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بچی کے گھر والوں نے ملزم پر مقدمہ درج نہیں کروایا تھا، جس وجہ سے اسے رہا کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں موٹر سائیکل سوار کی اسکول سے آتی چھوٹی بچی سے دست درازی کا واقعہ پیش آیا، جس کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے ملزم کی شناخت کر کے اسے گرفتار کر لیا تھا۔

تاہم بچی کے گھر والوں کی جانب سے ایف آئی آر کے اندراج کے لیے پولیس سے رابطہ نہ کرنے کی وجہ سے پولیس نے ملزم کو رہا کر دیا۔ ملزم کو رہا کرنے کی خبر سامنے آنے کے بعد پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا تھا کہ بچی کو ہراساں کرنے کے واقعے کی مذمت کرتی ہوں۔

میڈیا اور سماجی حلقوں نے جب پولیس سے پوچھا کہ انہوں نے ملزم کو رہا کیوں کیا تو پولیس نے موقف اختیار کیا ہے کہ ملزم کی شناخت اویس کے نام سے ہوئی ، اس کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لئے بچی کے گھر والوں کو تھانے بلایا، لیکن وہ نہیں آئے، جس کے بعد ملزم کو رہا کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ چند روز قبل پیش آیا تھا جس پر پولیس نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا لیکن متاثرہ طالبہ کے اہل خانہ تھانے نہیں آئے، مدعی کے انکار پر واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا۔