کرونا ویکسین لگوانے کا معاملہ: حکومت کا طارق بشیرچیمہ کے خلاف انکوائری کا اعلان


طارق بشیر چیمہ کے اہلخانہ کی ویکسینیشن کی انکوائری کی جائے،این سی او سی

پاکستان تحریک انصاف کے اتحادی اور مسلم لیگ قائداعظم ق کے وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں،اہلخانہ کو کورونا ویکسین لگوانے پر وفاقی وزیرطارق بشیر چیمہ کو نشانہ بنایا جارہاہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ویکسین لگوانے کی ویڈیو کلپ وائرل ہونے پر انکوائری کا فیصلہ کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسد عمر نے کہا کہ ہمیں معلوم ہوا کہ معاشرے کے بہت سے افراد اس میں ملوث ہیں، لوگوں کو ویکسین لگائی گئی اور انہیں ہیلتھ ورکرز کی فہرست میں شامل کیا گیا،این سی او سی کے اجلاس کے دوران پہلے اس بات کی انکوائری کا فیصلہ کیا گیا کہ کیا وزیر کے اہل خانہ کو اسلام آباد میں ویکسین لگی یا پنجاب میں لگائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب میں ویکسین لگائی گئی تو حکومت پنجاب کارروائی کرے گی اور اگر اسلام آباد میں تو وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان اور سیکریٹری صحت عامر اشرف خواجہ ایکشن لیں گے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کر کے چیزیں حاصل کرنا لوگوں کی نفسیات میں شامل ہے، جبکہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے مثال قائم کردی انہوں نے ویکسینیشن کے لیے اپنی باری کا انتظار کیا۔

طارق بشیر چیمہ کے اہلخانہ کے ایک فرد کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں گھر میں موجود متعدد افراد کو طبی عملہ کورونا ویکسین لگارہاہے،ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انسٹاگرام اکاؤنٹ غیر فعال کردیا گیا تھا۔

اہلخانہ کو ویکسین لگوانے کی ویڈیو وائرل ہونے پر وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ایک ٹیم کلینکل ٹرائل کے دوران ویکسین لگانے کے لیے ان کے گھر آئی تھی۔ وزارت صحت کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے لوگوں کی بڑی تعداد قطار توڑ کر ویکسین لگوا رہی ہے،اسد عمر بارہا کہہ چکے ہیں کہ ویکسین صرف میرٹ پر لگائی جانی چاہیے تاہم خلاف ورزی کو روکا نہیں جاسکتا۔