کورونا وائرس خطرناک ہونے لگا، 24 گھنٹوں میں48 افراد جان کی بازی ہار گئے

این سی او سی سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 39 ہزار 165 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ملک بھر میں مجموعی طور پر 52 لاکھ 56 ہزار 120 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 954 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد کورونا کے مصدقہ مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 883 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا کے 39 ہزار 165 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2954 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 48 افراد انتقال کر گئے۔ کورونا کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے وفاقی حکومت نے تعلیمی اداروں کو 25 نومبر سے 10 جنوری تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پنجاب حکومت نے شام 6 بجے سے مارکیٹس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 138، سندھ میں ایک لاکھ 64 ہزار 651 ، خیبر پختونخوا میں 44 ہزار 932، بلوچستان میں 16 ہزار 846 ، اسلام آباد میں 27 ہزار 555، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 558 جب کہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 203 ہے۔

کورونا وائرس سے پاکستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہزار 744 ہوگئی، پنجاب میں 2 ہزار 879، سندھ میں 2 ہزار 845، خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 330، بلوچستان میں 163، آزاد کشمیر میں 147 ، گلگت بلتستان میں 95 جب کہ اسلام آباد میں 285 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اس وقت کورونا کے مصدقہ فعال مریضوں کی تعداد 40 ہزار 379 ہے۔ جن میں سے ایک ہزار 751 کی حالت تشویشناک ہے۔