کوششیں رنگ لے آئیں،قطر نے ایل این جی کی قیمتیں کم کر دیں،پاکستان کو بڑا فائدہ


پاکستانی کوششیں رنگ لے آئیں، قطر نے ایل این جی کی قیمتیں کم کر دیں، ملک کو اربوں ڈالر کا فائدہ ہوگا

پاکستان اور قطر کے مابین ایل این جی کی قیمتوں میں کمی پر اتفاق رائے ہو گیا، قطری حکومت ایل این جی کی قیمت 11 ڈالر کی بجائے9 ڈالی فی ایم ایم بی ٹی کرنے کو تیار ہو گئی جس سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر کے قریب فائدہ پہنچے گا۔

پاکستان اور قطر کے درمیان 2016 میں ایل این جی کی فراہمی کا 15 سالہ معاہدہ ہوا تھا جس کی مالیت 15 ارب ڈالر سے زائد تھی، وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ قطر میں امیر قطر سے اس معاہدے پر نظر ثانی کی درخواست کی تھی۔

دوسری جانب چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس معاہدہ پر نظر ثانی کیلئے متحرک تھے اور انہوں نے پس منظر میں رہتے ہوئے اہم ترین کردار ادا کیا۔ کچھ عرصہ قبل چیف آف آرمی سٹاف کے دورہ قطر کے دوران امیر قطر سے ملاقات میں قطری حکومت نے ایل این جی کی قیمت پر نظر ثانی پر رضامندی ظاہر کی تھی جس کے نتیجہ میں آج یہ معاہدہ ہونے جا رہا ہے۔

اس حوالے سے معاہدہ کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے، قطر کے وزیر مملکت برائے توانائی سعد بن شریدالقابی آج اسلام آباد میں ایوان وزیراعظم میں ہونیوالی تقریب میں معاہدے پر دستخط کریں گے۔

حکومت کے مطابق قیمتوں میں کمی کے نتیجہ میں پاکستان کو 2 ارب ڈالر کے قریب بچت ہو گی جو کہ ملکی معیشت کے لیے بڑا ریلیف ہوگا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں ممالک میں نظرثانی کے بعد اس معاہدے کی کے دوبارہ کیے جانے سے برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی پیدا ہوگی جس کے دیرپا اثرات مرتب ہوں گے۔