’کہیں پہ نگاہیں، کہیں پہ نشانہ‘ محمد عامر نے سرفراز کو جواب دینے کے بہانے محمد حفیظ سے پرانا ’حساب‘ چکتا کر دیا


لاہور  پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی تعریف کرنے پر سرفراز احمد کو جواب دیتے ہوئے محمد حفیظ کو نشانے پر رکھ لیا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں شاندار سنچری سکور کرنے پر قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے رضوان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ چمکتے ہوئے ستارے ہیں لیکن مجھے حیرت ہوتی ہے کہ آپ کو کب تک یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ آپ کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں پاکستان کے نمبرون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔

محمد حفیظ کی جانب سے تعریفی ٹویٹ پر قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد بھی میدان میں آ گئے جنہوں نے جواب میں کہا کہ حفیظ بھائی صاحب! امتیاز احمد سے لے کر کامران اکمل اور اب محمد رضوان تک جو بھی پاکستان کیلئے کھیلا وہ نمبر ون ہی رہے ہیں اور اسی کے مطابق ان کی عزت کی جاتی ہے۔

اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور خاص طور پر قومی ٹیم کے کوچز وقار یونس اور مصباح الحق سے ناراض قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باﺅلر محمد عامر بھی حفیظ سے بدلہ لینے کیلئے میدان میں کود پڑے اور اپنی ٹویٹ میں کہا ’بابو! آپ بھی پاکستان میں نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں اور آپ کی کپتانی میں ٹی 20ٹیم دو سال نمبر ون رہی اور سب سے بڑھ کر چیمپینز ٹرافی پاکستان آئی، آپ پاکستان کا فخر ہیں اور مزے کی بات لوگوں کا کام ہے فضول باتیں کرنا لہٰذا انجوائے کریں۔‘