کیا آپ پاکستان کے متعلق یہ دس دلچسپ حقائق جانتے ہیں؟


پاکستان براعظم ایشیا کا ایک نہایت ہی خوبصوررت ملک ہے۔ یہ سر زمین بےشمار خوبیوں سے مالا مال ہے۔ آئیے ان میں سے 10 ایسے دلچسپ حقائق کے متعلق آپ کو بتاتے ہیں جن کے بارے میں کم لوگوں کو معلوم ہو گا۔

10 ۔ دنیا کا سب سے اونچا پولو گراؤنڈ

شندور ٹاپ پر موجود پولو گراؤنڈ دنیا میں سے بلند مقام کا گراؤنڈ سمجھا جاتا ہے۔ یہ 3700 میٹرز کی بلندی پر واقع ہے۔ 1936 سے لے کر اس دن تک ہر سال یہاں شندور پولو فیسٹیول منعقد کیا جاتا ہے۔

9 ۔ دنیا کا چوتھا بڑا آبپاشی کا نظام

پاکستان ایک زرعی ملک ہے، اس میں دنیا کا چوتھا بڑا آبپاشی کا نظام قائم ہے۔ اس وسیع اور پیچیدہ نظام سے ملک بھر میں دو لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ سیراب ہوتا ہے.

8۔ سیالکوٹ ، دنیا بھر کی آدھی فٹ بالز پیدا کرنے والا شہر

برطانیہ نے جب برصغیر پر قبضہ کیا تو انہیں فٹ بالز اپنے ملک سے منگوانی پڑتی تھیں جس پر وقت لگتا تھا۔ چنانچہ انہوں نے سیالکوٹ شہر میں مقامی طور پر فٹ بالز تیار کرنا شروع کیں۔ اس وقت سے یہاں اس صنعت کا آغاز ہوا۔ اس شہر کی فٹ بالز دنیا میں مشہور ہیں۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں آدھی سے زیادہ سیالکوٹ کی بنی ہوئی فٹ بالز استعمال ہوتی ہیں۔

7۔ دنیا کی سب سے اونچے مقام پر شاہراہ کی تعمیر

قراقرم ہائی وے دنیا میں سب سے اونچے مقام پر بنائی گئی شاہراہ ہے جو چین اور پاکستان کی دوستی کا ایک خوبصورت ثبوت ہے۔ اس کی تعمیر انسانی عزم اور ہمت کا ایک حیرت انگیز نمونہ ہے۔ پاکستان کے علاقے ایبٹ آباد سے لے کر چین کے علاقے کاشغر تک 800 میل لمبی شاہراہ درہ خنجراب پر اڑتالیس سو میٹر کی بلندی سے گزرتی ہے۔

6۔ دنیا کی دوسری بڑی پہاڑی کے ٹو

پاکستان میں دنیا کی دوسری بڑی پہاڑی کے ٹو موجود ہے۔ یہ کوہ ہمالیہ میں واقع ہے۔ کے ٹو کی بلندی 8611 میٹر ہے جو کہ دنیا کی بلند ترین چوٹی ایورسٹ سے صرف دو سو میٹر کم ہے۔ لیکن کوہ پیماؤں کے لیے کے ٹو کو سر کرنا سب سے مشکل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کے ٹو پر اموات کی شرح 29 فیصد ہے اس کے برعکس ایورسٹ پر یہی شرح چار فیصد ہے۔

5۔ دنیا کا سب سے بڑا مصنوعی جنگل

انسانوں کی جانب سے بسایا جانے والا دنیا کا سب سے بڑا مصنوعی جنگل چھانگا مانگا میں ہے۔ صوبہ پنجاب کے شہر لاہور سے 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع یہ جنگل بارہ ہزار ایکڑ کے وسیع ترین رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ چھانگا مانگا کے جنگلات میں شجر کاری کا آغاز سن اٹھارہ سو چھیاسٹھ میں ہوا۔ اس جنگل میں بہت سی اقسام کے درخت موجود ہیں

4۔ دنیا کی دوسری سب سے بڑی نمک کی کان

پاکستان میں دنیا کی دوسری بڑی نمک کی کان موجود ہے۔ کھیوڑہ میں موجود اس کان کی دریافت 320 قبل مسیح میں ہوئی تھی۔ ان کانوں میں 17 منزلوں سے نمک نکالا جا رہا ہے۔ یہاں 40 کلومیٹر طویل سرنگیں بنائی گئی ہیں۔۔

3۔دنیا کا سب سے بڑا ایمبولینس سسٹم

ایدھی فاونڈیشن دنیا کا سب سے بڑا ایمبولینس نیٹ ورک چلاتی ہے۔ یہ پاکستان کا سب سے بڑا غیر منافع بخش سماجی فلاح و بہبود کا ادارہ ہے۔ اس وقت پاکستان بھر میں اس فاؤنڈیشن کے 300 سے زائد سنٹرز موجود ہیں

2 ۔ ایک ساتھ ترانہ پڑھنے کا عالمی ریکارڈ

پاکستان میں صوبہ پنجاب کے صدر مقام لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں بیالیس ہزار 813 افراد نے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے پاکستان کو سرٹیفکیٹ دے دیا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ بھارت کے پاس تھا۔

1 ۔دنیا کی 10ویں طاقتور ترین فوج
گلوبل فائرپاور انڈیکس نے پاکستان کو اسلحے کے لحاظ سے دنیا کی دسویں طاقتور ترین فوج قرار دیا ہے۔ اس فہرست میں کل 133 ممالک کی افواج کا جائزہ لیا گیا ہے۔ 2019 میں پاکستان کا نمبر 17واں تھا جو دو سالوں میں ہی بڑھ کر 10ویں پر آ گیا ہے۔

اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے سلامتی مشن کےلیے پاک فوج کی خدمات کی ہر سطح پر تعریف کی جاتی ہے۔