کیا پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز ہونے جارہی ہے؟ اہم خبر سامنے آگئی


اسلام آباد پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کے امکانات روشن ہوئے ہیں،تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ہوگا۔

دنیا نیوز کے مطابق دونوں ممالک نے گزشتہ سات سسال سے کوئی باہمی سیریز نہیں کھیلی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے صرف آئی سی سی کے ایونٹس میں ہورہے ہیں۔گزشتہ 14 سالوں سے دونوں ٹیموں نے کوئی ٹیسٹ سیریز بھی نہ کھیلی ہے۔ تاہم اب امید ظاہر کی جارہی ہے کہ آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کے ساتھ کرکٹ روابط کی بحالی کے حوالے سے اپنے فیصلے کا اعلان کرے گا۔ بھارتی بورڈ کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں، تماشائیوں اور صحافیوں کے لیے ویزوں کی ضمانت اور سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بھی آگاہ کرنا ہے۔ یہ میگا ایونٹ اس سال کے آخر میں بھارت میں ہورہا ہے۔پاکستان نے خبردار کیا تھا کہ اگر بھارت نے پاکستانی کھلاڑیوں، تماشائیوں اور صحافیوں کے لیے ویزوں اور سکیورٹی کی ضمانت نہیں دی تو وہ اس ایونٹ کو بھارت سے باہر منتقل کرنے کے لیے دباؤ ڈالے گا۔