گرین جابز : ایک لاکھ سے زائد افراد کو روزگار ملنے کاامکان


وفاقی حکومت نے ملک بھر میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے وعدے کی جانب ایک اور قدم بڑھادیا، گرین جابز منصوبے کے تحت ایک لاکھ افراد برسر روزگار آسکیں گے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی نے عالمی بینک کے تعاون سے ملک میں ایک لاکھ افراد کو گرین جابز دینے کا منصوبہ تیار کیا ہے جس میں نوجوان روزانہ کی بنیاد پر 800 روپے سے ایک ہزار روپے تک کماسکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اس منصوبے کے حوالے سے ورلڈ بینک کے کنٹری مینجر سمیت دیگر حکام سے ملاقات کی جس میں گرین جابز کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے منصوبے پر مشاورت کی گئی۔

ورلڈ بینک نے اس شاندار منصوبے کو سراہتے ہوئے اس کیلئے120 ملین ڈالر امداد فراہم کرنے کی حامی بھی بھرلی، منصوبے کے تحت ملک بھر میں نوجوان اپنے علاقوں میں درخت لگا کر روزانہ 800 سے ایک ہزار روپے کماسکے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اس منصوبے کا اعلان کورونا وباء کے دوران کیا تھا، ہم نے یہ وعدہ پورا کردیا ہے ، منصوبے کیلئے ورلڈ بینک مالی امداد فراہم کرے گا، آئندہ 6 کے اندر ملازمتوں کی رجسٹریشن کا عمل پورا ہوجائے گا۔

منصوبے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے اور لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے جو اس منصوبے میں ایک ساتھ ممکن ہوپائے گا، اس منصوبے سے مستفید ہونے والا ہر فرد ماہانہ20 سے 30 ہزار روپے آمدن حاصل کرسکے گا۔