گزشتہ روز آئین اور پارلیمانی قوائد و ضوابط کا کھل کر مذاق اڑایا گیا، رہنما پیپلزپارٹی شیری رحمان


اسلام آباد  پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ گزشتہ روز مشترکہ اجلاس میں 33 بلز بلڈوز کر کے حکومت نے پارلیمان اور جمہوریت کی توہین کی۔

اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ گزشتہ دن پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں شامل ہوگا جب طاقت اور مصنوعی اکثریت کا بدترین مظاہرہ دنیا نے دیکھا، ثابت ہو چکا سپیکر پارلیمان کے کسٹوڈین نہیں بلکہ ایک جماعت کے نمائندے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ اتحادیوں کی جبری حاضری اور مشاورت بغیر قانون سازی اب متنازعہ ہو چکی ہے ، الیکشن کمیشن سال 2010 سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اپنے خدشات کا اظہار کر رہا ہے ، قوم اور الیکشن کمیشن پر ای وی ایم مسلط کی جا رہی ہے ۔