”ہم نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے بہت پرجوش ہیں“


لاہور  پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر عماد وسیم نے کہا ہے کہ ہم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے بہت پرجوش ہیں کیونکہ اس کیلئے ایک ہفتہ بڑی محنت کی ہے، آئیسولیشن کے بعد کھلاڑیوں کیلئے فوری ٹریننگ کرنا آسان نہیں تھا لیکن کھلاڑیوں نے خوب محنت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آکلینڈ میں ٹریننگ سیشن کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ تھوڑے بہت فٹنس مسائل تھے جو اب ٹھیک ہوچکے ہیں اور اب سب سیریز کے منتظر ہیں۔ انہوں نے نیوزی لینڈ میں سٹیڈیمز میں تماشائیوں کو آنے کی اجازت ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

عماد وسیم نے کہا کہ ایڈن پارک میں تماشائی ہوں گے تو مزہ آئے گا، تماشائیوں کی موجودگی میں کھیلنے کا اپنا ہی مزہ ہے، مجھے لگتا ہے کہ میچ دیکھنے کیلئے زیادہ تماشائی آئیں گے، پاکستان ٹیم کو بھی یہاں سپورٹ ملے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ جمعہ کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔